پٹنہ میں حاملہ خاتون کے قتل کا معاملہ، دو خواتین سمیت چار افراد گرفتار، آپسی رنجش میں ماری گولی
پٹنہ، 20 نومبر(ہ س)۔ راجدھانی پٹنہ کے منیر تھانہ علاقے کے صادق پور گاؤں میں گزشتہ روز آپسی رنجش میں ایک حاملہ خاتون پوجا دیوی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دو خواتین سمیت چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔
اس پورے معاملے پر دانا پور کے اے ایس پی ابھینو دھیمان نے بتایا کہ منیر تھانہ علاقہ کے صادق پور گاؤں میں آپسی دشمنی کی وجہ سے دو پڑوسیوں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں آٹھ ماہ کی حاملہ پوجا دیوی کی موت ہو گئی۔ جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمین میں ہری شنکر رائے، ببلو رائے اور ایک ہی خاندان کی دو خواتین شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 18 نومبر کی صبح دونوں فریقوں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ ہوئی تھی۔ جہاں آپسی جھگڑے پر دو فریقین میں فائرنگ کی گئی۔ اس واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کو گولیاں لگیں جن میں سے ایک حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ فی الحال اس معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
