نئی دہلی، 8 اگست (ہ س)۔ دہلی کے شمال مغربی ضلع کے مہندرا پارک تھانہ نے لوٹ مار کے معاملے میں ملوث پانچ نابالغ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون سیٹ اور واردات میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
شمال مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) بھیشم سنگھ نے بتایا کہ آدرش نگر کے رہنے والے شکایت کنندہ ذاکر علی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت میں بتایا گیا ہے کہ 5 اگست کی رات تقریباً 9 بجے جب وہ آزاد پور سبزی منڈی کی طرف جارہے تھے ، تب ہی پیچھے سے پانچ لڑکے آئے اور ان کا موبائل فون مانگا۔ جب انہوں نے انکار کیا تو دو لڑکوں نے انہیں پکڑ لیا اور تیسرے نے انہیں چاقو دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس دوران چوتھے لڑکے نے جیب سے موبائل نکال لیا اور سب موقع سے فرار ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ پولیس نے شکایت کنندہ کے بیان پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کے ارد گرد نصب 20 سے 25 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بغور جائزہ لیا۔ جائے وقوعہ پر کوئی کیمرہ نہ ہونے کے باوجود قریبی ٹماٹر منڈی کے علاقے سے فوٹیج حاصل کی گئی جس میں ملزمان واردات کے بعد بھاگتے ہوئے نظر آئے۔ اس کے بعد بازار کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی چھان بین کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے ٹھوس سراغ کی بنیاد پر ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارا اور پانچوں نابالغ ملزمان کو پکڑ لیا۔ تمام گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ان کی اطلاع پر شکایت کنندہ کا لوٹا ہوا موبائل فون اور جرم میں استعمال کیا گیا چاقو برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس اس معاملے میں ضروری قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد
