سدھارتھ نگر، یکم نومبر (ہ س)۔
سدھارتھ نگر ضلع ہیڈکوارٹر سے 20 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہندوستان-نیپال سرحد کے علی گڑھوا قصبہ میں منگل کو ہوئے زبردست دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد دو سے بڑھ کر چار ہو گئی ہے۔ بدھ کو ملبہ ہٹانے کے دوران مزید دو لاشیں ملی ۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس اور ضلع مجسٹریٹ پون اگروال، پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک اگروال جائے حادثہ پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات کے لیے اے ٹی ایس، بی ڈی ایس، گورکھپور زون کی فرانزک ٹیم اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
علی گڑھوا قصبہ میں منگل کو ہوئے زبردست دھماکے کی وجہ سے چاروں طرف افراتفری ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورے علی گڑھوا ٹاؤن کی عمارتیں لرز اٹھیں ۔ پولیس نے آس پاس رہنے والے لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ اس ہولناک دھماکے کے واقعہ میں مرنے والوں میں تین لوگوں کی شناخت اجے کاسودھن (23) ولد مٹھائی لال ساکنہ علی گڑھوا ٹاؤن تھانہ کپل وستو اور سفیان ولد بیت اللہ ساکنہ مہادیو ضلع کپل وستو نیپال اور گڈو ولد عبدالغنی ساکنہ کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ ایک اور لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ واقعے کے روز چار افراد زخمی ہوئے تھے۔ جن میں سے دو افراد کو ابتدائی طبی مدد دینے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ وہیں نیپال کے کپل وستو ضلع کے مہادیو گاؤں کی رہنے والی رابعہ اہلیہ مطیع اللہ اور کپل وستو کوتوالی تھانہ علاقہ کے پوکھربھیتوا گاؤں کے رہنے والے عرفان کی حالت نازک دیکھتے ہوئے مادھو پرساد ترپاٹھی میڈیکل کالج سدھارتھ نگر میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں دونوں کا علاج جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
