کوکراجھار (آسام)، 3 مارچ۔
گوسائیگاوں میں 20 کلو گانجے کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق کل رات گوسائیگاوں ریلوے اسٹیشن پر گانجہ ضبط کیا گیا۔ چھاپہ مار ٹیم نے گانجے کو اس وقت ضبط کیا جب اسمگلر گانجے کو دہلی لے جانے کے لیے برہم پترا میل ٹرین میں سوار ہو رہے تھے۔
ضبط کردہ گانجے کی مارکیٹ قیمت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔ اس معاملے میں دو نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار نوجوانوں میں سے ایک کی شناخت سورت جمال کے طور پر کی گئی ہے جو گوسائیگاوں ڈویژن کے ساپکاٹا کا رہنے والا ہے اور دوسرے کی فاروق عبداللہ ساکن ملاگوڑی کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ ایک اور نوجوان مفرور بتایا جاتا ہے۔
آسام پولیس اور ریلوے پولیس نے مشترکہ طورپرکارروائی کرتے ہوئے گانجہ ضبط کیا۔ پکڑے گئے گانجے کا وزن بیس کلو بتایا جاتا ہے۔
