کیمور،یکم اپریل ۔
لوک سبھا انتخابات کو لے کرکیمور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سرچ آپریشن کر کے دیسی شراب کی کئی بھٹیاں تباہ کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 3900 کلوگرام جاوا مہوا کو بھی تباہ کیا گیا۔ بی ایس ایف ضلع پولیس فورس اور محکمہ ایکسائز نے کیمور پہاڑیوں کے جیگانی جنگل میں ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے یہ کارروائی کی۔
واضح ہو کہ کیمور کی پہاڑیوں پر دیسی شراب تیار کی جاتی تھی اور گاؤں گاؤں تقسیم کی جاتی تھی۔ محکمہ ایکسائز کو جب اس کی اطلاع ملی تو وہ ڈرون کیمرہ سے نگرانی کرنے کے بعد موقع پر پہنچ گئے۔ ٹیم کے پہنچتے ہی تمام اسمگلر فرار ہو گئے۔ جس کے بعد ٹیم نے جاوا مہوا اور شراب کی تمام بھٹیوں کو تباہ کر دیا۔
ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے تھانہ انچارج اشوک کمار نے بتایا کہ کیمورپہاڑی نکسل متاثرہ علاقہ ہے۔ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کیمور پہاڑیوں میں دیسی شراب اندھا دھند فروخت کی جارہی ہے جس کے بعد بی ایس ایف بٹالین اور چین پورتھانہ کی پولیس اور محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کی۔ لوک سبھا انتخابات کو لے کر ضلع انتظامیہ مسلسل تلاشی مہم چلا رہی ہے۔ اس کارروائی کے بعد شراب اسمگلروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔
