-ڈرائیوروں کودیتے تھے جعلی روڈ ٹیکس، پارکنگ اور ٹول رسیدیں
گروگرام، 8 فروری ۔ سی ایم فلائنگ اینڈ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے گروگرام سے ایک ایسے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے، جو کمرشیل گاڑیوں کی فرضی ٹیکس رسیداورفرضی ٹول پاس جاری کر کے پانچ ریاستوں کوچونا لگا رہا تھا۔ اس کام میں ملوث ملزمان روڈ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور پارکنگ کی جعلی رسیدیں دیتے تھے۔ ٹیم نے سیکٹر 41 میں ای ڈبلیو ایس فلیٹ سے دو ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
پولیس کو دی گئی شکایت میں ڈی ٹی او آفس کے ٹی ایس آئی ارشاد علی نے بتایا کہ 7 فروری کو انہیں سی ایم فلائنگ کی ٹیم نے اطلاع دی تھی کہ سیکٹر 41کے ای ڈبلیو ایس فلیٹ کے ٹاور- بی میں سنتوش کمار یادو اور روی نامی شخص کمپیوٹر کے ذریعے ٹیکس کی فرضی رسیدیں تیار کرتے ہیں۔ وہ ان رسیدوں کوکیب ڈرائیوروں اور ٹرک ڈرائیوروں کو دیتے ہیں۔ ان کے پاس پارکنگ اور ٹول پلازہ کی سلپس بھی ہیں۔ اس شکایت پر انہوں نے پولیس کے ساتھ موقع پر چھاپہ مارا۔ اس دوران وہاں موجود دونوں ملزم نوجوانوں کو قابو کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان 50 سے 100 روپے میں ٹول سلپس فروخت کرتے تھے۔ تحقیقات کے دوران راجستھان، پنجاب، اتر پردیش اور ہریانہ کی ٹیکس رسیدیں بھی ملی ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ تمام رسیدیں جعلی پائی گئیں۔ ٹیم کو موقع پر 15 لفافے بھی ملے، جب چیک کیا گیا تو ائیرپورٹ پارکنگ سلپس بھی ملی۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ وہ ٹیکسی ڈرائیوروں سے نقد رقم اور پے ٹی ایم کے ذریعے رقم وصول کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کمپیوٹر، پرنٹرز اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ سیکٹر 40 تھانہ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
