ٹول پلازہ پر فائرنگ، گولیوں سے بچنے کی کوشش میں دو ملازمین کنویں میں گرے، ڈوب کر جاں بحق
دتیا ۔ ضلع کے ڈگرئی ٹول پلازہ پر منگل کی رات دس بارہ نقاب پوش بدمعاشوں نے ملازمین سے مار پیٹ کے بعد فائرنگ کر دی۔ ملازمین اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ فائرنگ سے بچنے کی کوشش کے دوران دو ملازمین قریبی کھیت میں واقع کنویں میں گر گئے جہاں وہ ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ منگل کی رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور جانچ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق منگل کی رات 4 بائک پر دس بارہ بدمعاش گوالیار-جھانسی ہائی وے کے چرولا تھانہ علاقے کے ٹول پلازہ پر پہنچے۔ انہوں نے ملازمین سے مار پیٹ کرکے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ سے بچنے کے لیے ٹول پلازہ کے ملازمین ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ بھاگنے کے دوران ہریانہ کے رہائشی شری نواس پریہار اور ناگپور کے رہنے والے شیواجی کنڈیلے قریبی کھیت میں کنویں میں گر گئے اور ڈوبنے سے ان کی موت ہو گئی۔ تقریباً 20-15 منٹ کے بعد بدمعاش وہاں سے چلے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملازمین کی لاشیں کنویں سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔
اس معاملے میں ایس ڈی او پی پرینکا مشرا نے بتایا کہ ٹول پلازہ پر رنگداری دکھاتے ہوئے نامعلوم بدمعاشوں نے حملہ کیا اور فائرنگ کی۔ بھگدڑ کے بعد دو ملازمین کنویں میں گر گئے جس کے نتیجے میں ان کی موت ہو گئی۔ اس معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
