ای ڈی نے ملٹی لیول مارکیٹنگ معاملے میں 84.24 کروڑ روپئے کے اثاثےضبط کئے
نئی دہلی ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملٹی لیول مارکیٹنگ گھپلہ معاملے میں 84.24 کروڑ روپئے کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کو ضبط کیا ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت یہ کارروائی کی ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ 19 مارچ کو، تفتیشی ایجنسی نے متعدد منقولہ مارکیٹنگ گھپلہ معاملے میں پروموٹر بھاؤصاحب چھبو چوہان، آرتی بھاؤصاحب چوہان اور دیگر کے ذریعہ حاصل کی گئی 84.24 کروڑ روپئے کی بے نامی جائیدادوں سمیت منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔ ای ڈی نے کہا کہ ضبط شدہ جائیدادیں مہاراشٹرا اور راجستھان کے دیگر علاقوں کے علاوہ ناسک، تھانے، سندھور گڑھ اور پالی اضلاع میں واقع ہیں۔
ای ڈی نے کہا کہ ان پروموٹر بھاؤ صاحب چھبو چوہان اور آرتی بھاؤ صاحب چوہان کی جائیدادوں کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 کے تحت منسلک کیا گیا ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے کہا کہ جن اثاثوں کو ضبط کیا گیا ہے ان میں بے نامی جائیدادیں، ڈیمیٹ اکاؤنٹس، پوسٹ آفس کے بچت کھاتوں میں جمع رقم، چاندی اور ہیرے کے زیورات اور بینک کھاتوں میں جمع رقم بھی شامل ہے۔
