نئی دہلی ۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے قومی پرندے مور کے پروں کی اسمگلنگ کے معاملے میں تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان سے 125 کلو کے قریب مور کے پنکھ برآمد ہوئے ہیں۔ الزام ہے کہ ان مور کے پروں کو بنکاک لے جایا جا رہا تھا۔ ان کی اسمگلنگ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 کے تحت ممنوع ہے۔
سی بی آئی کے مطابق محکمہ کو قومی پرندے مور کی غیر قانونی تجارت کی شکایت ملی تھی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ ملزمان قومی پرندے مور کے پروں کا کاروبار کرتے ہیں۔ پنکھوں کو حاصل کرنے کے لیے وہ انہیں مور کے جسم سے زبردستی الگ کر دیتے ہیں جس کے نتیجے میں قومی پرندے مور کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ سی بی آئی نے اس کیس کی نگرانی کی اور ملزم کو مور کے پنکھوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ مور کے پنکھوں کے اس گروہ میں ملوث افراد سمیت غیر قانونی تجارت کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
