نئی دہلی، 11 مارچ ۔ دہلی کے راجوری گارڈن علاقے میں ایک بدمعاش کو گرفتار کرنے گئی موہن گارڈن پولیس خود ہی حملے کا نشانہ بن گئی ۔ راجوری گارڈن علاقہ کے رگھویر نگر میں پولیس عادل نامی بدمعاش کو گرفتار کرنے گئی تھی۔ موہن گارڈن تھانے میں بدمعاش عادل کے خلافکئی مقدمات درج ہیں۔
جیسے ہی پولیس نے عادل کو حراست میں لیا، اس کے حامیوں اور رشتہ داروں نے پولیس ٹیم پر لاٹھی- ڈنڈوں اور چاقووں سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ لوگوں نے پولیس کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔ کچھ مردوں اور عورتوں نے پولیس کی گاڑی کو گھیر لیا اور عادل کو چھڑانے کی کوشش کی۔
ڈی سی پی وچتر ویر کے مطابق یہ واقعہ راجوری گارڈن اور تلک نگر تھانہ علاقوں کی سرحد پر پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی راجوری گارڈن اور تلک نگر تھانے کے ایس ایچ او کو ٹیم کے ساتھ موقع پر بھیجا گیا۔ ان لوگوں نے ہجوم کو ہٹا یا جس کی وجہ سے ہجوم عادل کو آزاد کر کے لے نہیں جا سکا۔ پولیس نے کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔ اس دوران سڑک پر زبردست ہنگامہ ہوا۔
