۔ (ایڈیٹ) سرعام چاقووں سے گود کر نوجوان کا قتل، حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی نفری تعینات
جبل پور، 28 نومبر (ہ س)۔ اومتی تھانہ علاقے کے سوک سینٹر میں پیر کی دیر رات کچھ لوگوں نے سرعام ایک نوجوان پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کی اسپتال لے جانے کے دوران موت ہوگئی۔ اس پورے واقعے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو ا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لکڑ گنج کے رہنے والے مشاہد خان جو کہ ایک ای رکشہ تاجر کا بیٹا ہے، سوک سینٹر میں اپنے دوستوں کے ساتھ کھڑا تھا۔ سوجل نے جو پہلے سے یہاں راستے میں انتظار کر رہا تھا پوچھا تم میں سے مشاہد کون ہے؟ جیسے ہی مشاہد نے اپنا نام بتایا، سوجل سونکر اور اس کے ساتھیوں نے مشاہد پر چاقووں سے حملہ کردیا۔
ملزم نے اس پر تابڑتور کئی وار کئے، جس کی وجہ سے وہ وہیں گر گیا۔ حملہ آور حملے کے فوراً بعد فرار ہو گئے۔ پرہجوم سوک سینٹر کے علاقے میں ہونے والے اس قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
اطلاع ملتے ہی لواحقین اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی مشاہد کو فوری طور پر وکٹوریہ اسپتال پہنچایا۔ جہاں سے اسے طبی امداد کے لیے ریفر کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث زخمی شخص راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ جس کی وجہ سے تین ملزمین سوجل سونکر، امن تیواری، آدتیہ جھا کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ جبکہ چوتھا ملزم چنو سونکر فرار بتایا جاتا ہے۔
واردات کے بعد حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی گشت بڑھا دی گئی ہے اور بھارتی پور، اومتی، بیل باغ، لکڑ گنج جیسے علاقوں میں فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج وریندر پوار کے مطابق چوتھے ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
