میرٹھ، 17 جنوری (ہ س)۔
بدمعاشوں نے گارڈز کو یرغمال بنا کر علی پور کے ہاپوڑ روڈ پر واقع بی ایس پی کے سابق وزیر یعقوب قریشی کی بند گوشت فیکٹری سے تقریباً 1.5 کروڑ روپے کا سامان لوٹ لیا۔ بدھ کو گارڈوں نے کسی طرح خود کو چھڑایا اور پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ پولیس بدمعاشوں کی تلاش میں مصروف ہے۔سابق وزیر یعقوب قریشی کی ہاپوڑ روڈ پر علی پور میں الفہیم میٹ فیکٹری بند ہے۔ بند فیکٹری کی حفاظت کے لیے حامد، ساجد، عامر اورشاہد نامی سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں۔
منگل کی رات تقریباً چھ نقاب پوش بد معاش فیکٹری کے عقبی حصے سے سیڑھی کا استعمال کرتے ہوئے ہتھیاروں کے ساتھ فیکٹری پہنچے اور فیکٹری میں سوئے ہوئے تمام گارڈز کو یرغمال بنا لیا۔ بدمعاشوں نے فیکٹری میں موجود الیکٹرانک پینل کو توڑ دیا اور تقریباً 1.5 کروڑ روپے مالیت کے پینل کے پرزے لوٹ لئے۔ واردات کو انجام دینے کے بعد بدمعاش فرار ہوگئے۔ بدھ کو گاروڈوں نے یعقوب قریشی کو واقعہ سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد پولیس کو معاملے کی اطلاع دی گئی۔ لوہیا نگر تھانہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاروڈوں سے پوچھ تاچھ کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر بدمعاشوں کی تلاش کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار//محمد
