جتارا میں بلاک میڈیکل آفیسر نے خود کو گولی مار کر کی خودکشی
ٹیکم گڑھ، 30 دسمبر (ہ س)۔ ضلع کے جتارا میں بلاک میڈیکل آفیسر نے ہفتہ کی دوپہر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ بلاک میڈیکل آفیسر نے اپنی لائسنسی بندوق سے خود کو سر میں گولی مار لی۔ واردات کے وقت وہ گھر میں اکیلا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فورینسک ٹیم کے ساتھ پہنچی اور تفتیش شروع کردی ہے۔
معلومات کے مطابق ڈاکٹر سریش شرما جتارا کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں تعینات تھے۔ ان کی اہلیہ پریتی شرما گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول جتارا کی پرنسپل ہیں۔ ڈاکٹر سریش ہفتہ کی دوپہر تقریباً ایک بجے گھر میں اکیلے تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی لائسنسی بندوق سے خود کو سر میں گولی مار لی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے۔ ان کی بیوی اسکول گئی ہوئی تھی۔ شوہر کی خودکشی کی خبر ملتے ہی وہ فوراً گھر پہنچ گئی۔ شوہر کی لاش دیکھ کر وہ بے ہوش ہو گئی۔
پولیس فورینسک ٹیم کے ہمراہ پہنچی اور تفتیش شروع کر دی۔ ڈاکٹر سریش نے یہ خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا ابھی تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معاملہ خاندانی تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ تھانہ انچارج اروند سنگھ دانگی کا کہنا ہے کہ اہل خانہ سے پوچھ گچھ اور تفتیش کے بعد ہی معاملے کا انکشاف ہوسکے گا۔ ڈاکٹر سریش شرما کا ایک 22 سالہ بیٹا ہے، جو دہرادون میں زیر تعلیم ہے۔ فی الحال وہ دہرادون میں ہی ہے۔ گھر والوں نے اسے اطلاع دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
