باپ کی بد کرداری سے دلبرداشتہ بیٹوں نے سوتیلی ماں اور دادا کو قتل کردیا، باپ کی حالت تشویشناک
کانپور دیہات، 19 اکتوبر (ہ س)۔ ضلع کے بھوگنی پور تھانہ علاقے میں بیٹوں نے اپنے باپ پر بد کرداری کا لازم لگاتے ہوئے سوتیلی ماں اور دادا کا قتل کر دیا جبکہ اس واقعہ میں باب شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعہ کو انجام دینے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیں ہیں۔
بھوگنی پور تھانے کو جمعرات کی صبح اطلاع ملی کہ علاقے میں دو افراد کا قتل کر دیا گیا ہے، جب کہ ایک شخص زخمی ہے۔ بھوگنی پور تھانہ انچارج دیویندر وکرم سنگھ فوری طور پر پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ جائے وقوعہ پر ایک ادھیڑ عمر شخص زخمی حالت میں تھا، اس کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔
دو افراد کے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ بی بی جی ٹی ایس مورتی ڈاگ اسکواڈ اور پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ایس پی نے بتایا کہ بھوگنی پور تھانہ علاقے میں ایک خاتون اور ایک بزرگ سمیت دو افراد کو قتل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔ زخمی ومل دویدی پیشے سے استاد تھے اور ان کے اپنے بیٹے اکشت اور للت نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ واقعے کے بعد تلاشی کے دوران پولیس ٹیم نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے والد ومل کو بد کردار قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے اپنی تیسری شادی خوشبو سے کی تھی، جو ان سے 30 برس چھوٹی ہے اور وہ ریٹائرمنٹ میں ملنے والی تمام رقم اس پر خرچ کر رہے تھے۔ اس وجہ سے انہوں نے اپنی سوتیلی ماں خوشبو اور دادا رام پرکاش کو قتل کیا ہے۔ ان کے والد ومل کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم حقیقی بھائیوں کو ضلع کی حدود سے گرفتار کر لیا اور تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
