پٹنہ، یکم دسمبر(ہ س)۔
بہار میں 2016 سے مکمل شراب بندی نافذ ہے۔ لیکن ریاست میں اسمگلر اپنی سرگرمیوں سے باز نہیں آرہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ راجدھانی پٹنہ سے سامنے آیا ہے۔ جہاں پولیس نے گردنی باغ تھانہ کے علاقہ انیس آباد گولمبر کے قریب ایمبولینس سے 1530 لیٹر غیر ملکی شراب کی کھیپ برآمد کر لی۔
دراصل خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گردنی باغ تھانہ پولیس نے چھاپہ ماری کی تھی۔ جہاں پولیس نے یوپی نمبر کی ایمبولینس سے پنجاب میں بنی غیر ملکی شراب قبضے میں لی ہے۔ ایمبولینس سے مختلف برانڈز کی تقریباً 1530 لیٹر شراب برآمد ہوئی ہے۔ اس دوران پولیس نے ایمبولینس ڈرائیور کرشنا کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈرائیور ہریانہ کا رہنے والا بتایا جاتا ہے۔ وہ شراب کی کھیپ مظفر پور لے جا رہا تھا۔
واضح ہو کہ اس ماہ بہار کے بانکا ضلع میں بھی شراب کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے بانکا کے چندن کٹوریہ پکے روڈ پر لائن ہوٹل کے سامنے کثیر میں غیر ملکی شراب برآمد کی۔ چھاپہ ماری کے دوران پولیس کو ایک ایمبولینس جنگل میں پڑی ہوئی ملی۔ جب اس کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے غیر ملکی شراب برآمد ہوئی۔ اسمگلر موقع سے فرار ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/عطاءاللہ
