شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار میں تیزی، سینسیکس-نفٹی میں اضافہ
نئی دہلی، 12 جنوری (ہ س)۔ ہفتے کے آخری کاروباری دن گھریلو شیئر بازار میں آج تیزی کا رجحان ہے۔ کاروبار کی شروعات مضبوطی کے ساتھ ہوئی۔ مارکیٹ کھلنے کے بعد ہوئی معمولی فروخت کے بعد سے ہی خریداری کا زور بن جانے کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس کی رفتار میں اضافہ ہوا۔ حالانکہ وقتاً فوقتاً فروخت کے معمولی جھٹکے لگتے رہے لیکن اس کے باوجود شیئر بازار کی رفتار پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.77 فیصد اور نفٹی 0.72 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد آئی ٹی سیکٹر کے حصص میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ مارکیٹ کے بڑے شیئروں میں سے انفوسس، وپرو، ٹی سی ایس، ٹیک مہندرا اور ایل ٹی مائنڈٹری کے شیئر 6.94 فیصد سے لیکر 3.36 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب مہندرا اینڈ مہندرا، ایشین پینٹس، سیپلا، ٹائٹن کمپنی اور بجاج فنسرو کے حصص میں 1.54 فیصد سے لیکر 0.72 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر بازار میں 2,040 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,317 شیئرس منافع کماکر سبز رنگ میں جبکہ 723 شیئرس خسارے کے بعد سرخ رنگ میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 14 شیئر خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز رنگ میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 16 شیئرس سرخ رنگ میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 24 شیئر سبز نشان میں اور 26 حصص سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظرآرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 426.89 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 72,148.07 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز پر منافع وصولی کے باعث کچھ فروخت ہوئی جس کی وجہ سے انڈیکس ابتدائی سطح سے تقریباً 150 پوائنٹس گر کر 71,982.29 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداروں نے خریداری کا زور بنادیا جس کی وجہ سے اس انڈیکس میں تیزی آئی۔ مسلسل خریداری کی حمایت سے صبح 10 بجے کے قریب اس انڈیکس میں 650 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 72,378.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 551.53 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 72,272.71 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 126.35 پوائنٹس چھلانگ لگاکر 21,773.55 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ مارکیٹ کھلتے ہی منافع وصولی کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس بھی ابتدائی سطح سے 50 پوائنٹس گر کر 21,715.15 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداری شروع ہونے کی وجہ سے نفٹی نے بھی رفتار پکڑی اور 180 پوائنٹس سے زیادہ چھلانگ لگا کر 21,832 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کے پہلے گھنٹے کی مسلسل خرید و فروخت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 156.85 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,804.05 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
