شروعاتی کاروبار میں شیئر بازار پر دباو
۔ کمزوری کے باوجود بنا آل ٹائم ہائی اوپننگ کا نیا ریکارڈ
نئی دہلی، 16 جنوری (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار آج دباو میں کاروبار کرتا نظر آرہا ہے۔ حالانکہ شیئر بازار نے آج بھی آل ٹائم ہائی اوپننگ کا ریکارڈ بنایا لیکن منافع وصولی کے دباو کی وجہ سے آج مارکیٹ کھلنے کے بعد سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس زیادہ تر وقت سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.04 فیصد اور نفٹی 0.01 فیصد کے معمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
ابتدائی کاروبار میں آج آئی ٹی سیکٹر کے شیئرس پر مسلسل دباو بنا ہوا نظر آ رہا ہے۔ کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد شیئربازار کے بڑے شیئروں میں او این جی سی، بھارتی ایئرٹیل، ٹاٹا موٹرز، بی پی سی ایل اور ماروتی سوزوکی کے شیئرس 1.71 فیصد سے لیکر 1.02 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف ایچ سی ایل ٹیکنالوجی، وپرو، ٹیک مہندرا، ایل ٹی مائنڈ ٹری اور سن فارماسیوٹیکل کے شیئرس 2.63 فیصد سے لیکر 0.84 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
موجودہ کاروبار میں شیئر مارکیٹ میں 2,049 شیئروں میں ایکٹیو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1138 شیئر منافع کماکر سبز رنگ میں جبکہ 911 شیئر خسارے کے بعد سرخ رنگ میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئروں میں سے 17 شیئر خریداری کی حمایت کے ساتھ سبز رنگ میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 13 شیئرس سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل شیئروں میں سے 25 حصص سبز نشان میں اور 25 حصص سرخ نشان میں تجارت کرتے ہوئے نظرآرہے تھے۔
بی ایس ای سینسیکس نے آج ایک بار پھر آل ٹائم ہائی لیول کا ریکارڈ بنایا اور 4.01 پوائنٹس کی علامتی طاقت کے ساتھ 73,331.95 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے دباؤ کی وجہ سے یہ انڈیکس 200 سے زائد پوائنٹس گر کر 73,101.01 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم اس کے بعد خریداروں نے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے انڈیکس 10 بجے سے کچھ دیر پہلے ہی سبز رنگ میں آگیا۔ لیکن اس کے بعد ایک بار پھر فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس دوبارہ سرخ نشان پر گر گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح سوا دس بجے سینسیکس 30.47 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 73,358.41 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کے برعکس این ایس ای کے نفٹی نے آج 16.95 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 22,080.50 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ گراوٹ میں کھلنے کے باوجود اس انڈیکس نے آج ایک بار پھر سب سے زیادہ اوپننگ کا نیا ریکارڈ بنایا۔ کاروبار شروع ہوتے ہی فروخت کے بڑھتے ہوئے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس تقریباً 70 پوائنٹس گر کر 22,029.20 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم اس کے بعد خریداری کی حمایت کے باعث یہ انڈیکس سبز رنگ میں چھلانگ لگا کر 22,107.90 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد ایک بار پھر فروخت کے دباو کی وجہ سے اس میں کمی آئی۔ مارکیٹ میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 2.40 پوائنٹس کے معمولی اضافے کے ساتھ 22,099.85 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
