نئی دہلی، ۔ مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بدھ کے روز اڈیشہ کی راجدھانی بھونیشور میں ماں منگلا بستی کا دورہ کیا۔ بل گیٹس نے کچی آبادیوں کے ساتھ انہیں دستیاب بنیادی سہولیات اور حکومت کی جگا مشن اسکیم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے افسران کے ساتھ بیجو آدرش کالونی کا بھی دورہ کیا۔
اڈیشہ حکومت کے محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بل گیٹس نے کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ گیٹس نے وہاں کام کرنے والی خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران ریاستی ترقیاتی کمشنر انو گرگ نے بل گیٹس کو کچی آبادیوں کو زمین کے حقوق، نل کے پانی کا کنکشن، بیت الخلا اور بجلی کی فراہمی وغیرہ جیسی سہولیات فراہم کرنے کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کچی آبادی کو ماڈل کالونی میں تبدیل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
بل گیٹس، جو بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں، اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک سے ملاقات کریں گے۔ گیٹس اس ملاقات کے دوران کئی مسائل پر بات کریں گے۔
