نئی دہلی، 11 دسمبر (ہ س)۔ آڈی انڈیا کے بعد جرمن لگژری کار بنانے والی کمپنی بی ایم ڈبلیو انڈیا نے بھی یکم جنوری 2024 سے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں دو فیصد تک اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بی ایم ڈبلیو انڈیا نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ کمپنی یکم جنوری 2024 سے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں دو فیصد تک اضافہ کرے گی۔ کمپنی نے کہا کہ یہ قدم زرمبادلہ کی شرح میں اتار چڑھاؤ اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے منفی اثرات کو جزوی طور پر کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
بی ایم ڈبلیو گروپ انڈیا کے صدر وکرم پاوا نے کہا کہ بی ایم ڈبلیو انڈیا کے تمام ماڈلز پر قیمتوں میں اضافے کو لاگو کرنے کا فیصلہ موجودہ تناظر کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی یہ ایڈجسٹمنٹ شرح مبادلہ میں اتار چڑھاؤ اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ایک اہم توازن برقرار رکھے گی۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت میں بی ایم ڈبلیو کار کی قیمت 43.50 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے، جب کہ سب سے مہنگی بی ایم ڈبلیو ایکس ایم کار کی قیمت 2.60 کروڑ روپے ہے۔
ہندوستھان سماچار
