نئی دہلی، 01 جنوری (ہ س)۔ پبلک سیکٹر کی پٹرولیم کمپنیوں نے نئے سال 2024 کے پہلے دن پیر کو ہوائی جہاز کے ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمت میں چار فیصد تک کمی کر دی ہے۔ یہ مسلسل تیسرا مہینہ ہے جب اے ٹی ایف کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔
پبلک سیکٹر پیٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اے ٹی ایف کی قیمت میں 4162.5 روپے یعنی 3.9 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس کٹوتی کے بعد راجدھانی دہلی میں جیٹ فیول کی قیمت 1,01,993.17 روپے فی کلو لیٹر ہوگئی ہے۔ اے ٹی ایف کی قیمت میں مسلسل تیسری بار کمی کی گئی ہے۔
اس سے قبل دسمبر 2023 میں اے ٹی ایف کی قیمت میں 5,189.25 روپے یعنی 4.6 فیصد کی کمی کی گئی تھی جب کہ نومبر میں اے ٹی ایف کی قیمت میں تقریباً چھ فیصد (6854.25 روپے فی کلو لیٹر) کی کمی کی گئی تھی۔ درحقیقت، اے ٹی ایف ایک ایئر لائن کی آپریٹنگ لاگت کا تقریباً 40 فیصد ہے۔ ایسی صورتحال میں ہوابازی کے ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے مالی دباو کا سامنا کرنے والی ہوابازی کمپنیوں کو راحت ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ پبلک سیکٹر کی کمپنیاں انڈین آئل کارپوریشن ( آئی او سی )، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل ) اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل ) ہر مہینے کی یکم تاریخ کو اے ٹی ایف کی قیمتوں میں پچھلے مہینے کی اوسط بین الاقوامی قیمت کی بنیاد پر نظر ثانی کرتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
