نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ جرمن لگژری کار بنانے والی کمپنی آڈی انڈیا نے جنوری سے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 2 فیصد تک اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں گاڑیوں کی قیمتوں میں دو فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔ یہ اضافہ تمام ماڈل رینج میں ہوگا، جس کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔ کمپنی نے کہا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ ان پٹ اور آپریٹنگ لاگت میں اضافے کی وجہ سے ناگزیر ہو گیا تھا۔
آڈی انڈیا کے سربراہ بلبیر سنگھ ڈھلوں نے بتایا،”ہم نے سپلائی چین سے متعلق خام مال کی بڑھتی ہوئی مانگ اور آپریٹنگ لاگت کی وجہ سے برانڈ کی پریمیم ویلیو پوزیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ماڈل رینج میں قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قیمتوں میں اضافے کا اثر صارفین پر کم سے کم ہو“۔
آڈی انڈیا2024 کے لیے اپنے تمام ماڈلز اور رینج کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والی کار ساز کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ آڈی انڈیا کیو3 ایس یو وی سے لے کر اسپورٹس کار آر ایس کیو8 تک کئی گاڑیاں فروخت کرتی ہے، جس کی قیمتیں 42.77 لاکھ سے 2.22 کروڑ روپے کے درمیان ہیں۔
ہندوستھان سماچار
