نئی دہلی، 06 دسمبر (ہ س)۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی دو ماہی مانیٹری جائزہ میٹنگ بدھ سے شروع ہو گئی ہے۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس کی صدارت میں ہونے والی اس تین روزہ میٹنگ کے نتائج کا اعلان جمعہ 8 دسمبر کو صبح 10 بجے کیا جائے گا۔
بینکنگ سیکٹر سے متعلق ماہرین نے بدھ کو کہا کہ آر بی آئی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی دو ماہی مانیٹری جائزہ میٹنگ میں پالیسی ریٹ (ریپو ریٹ) کو 6.5 فیصد پر برقرار رکھ سکتا ہے۔ ماہرین نے یہ اندازہ اس بنیاد پر لگایا ہے کہ افراط زر (انفلیشن ریٹ) کنٹرول میں ہے اور معاشی ترقی کی رفتار تسلی بخش ہے۔
ریزرو بینک کی ایم پی سی میٹنگ ہر دو ماہ بعد ہوتی ہے۔ رواں مالی سال 2023-24 کی پہلی میٹنگ اپریل میں ہوئی تھی۔ آر بی آئی نے گزشتہ مالی سال 2022-23 میں ریپو ریٹ میں چھ بار 2.50 فیصد اضافہ کیا تھا۔ آر بی آئی کا ایم پی سی چھ ارکان پر مشتمل ہے۔ اس میں تین بیرونی اور تین ریزرو بینک کے افسران شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آر بی آئی نے اکتوبر میں مسلسل چوتھی بار ریپو ریٹ کو 6.5 فیصد پر برقرار رکھا تھا۔ اس سے قبل بینک ریگولیٹر نے فروری 2023 میں ریپو ریٹ کو بڑھا کر 6.5 فیصد کردیا تھا، اس کے بعد سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
