نئی دہلی، 22 اگست (ہ س)۔
مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیندرا-بڈکن انڈسٹریل ایریا میں ہندوستان کے پہلے مربوط گرین فیلڈ اسمارٹ انڈسٹریل سٹی پروجیکٹ میں کئی کمپنیوں کو صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ ان منصوبوں سے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی اور تقریباً 1000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع شیندرا-بڈکن صنعتی علاقہ اورنگ آباد انڈسٹریل سٹی (آرک) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اسے نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این آئی ڈی سی) کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ یہاں کے منظور شدہ پلاٹوں میں متعدد صنعتیں ہیں جو مختلف شعبوں میں پھیلی ہوئی ہیں جن میں خاص کھانے کی اشیاء ، کاغذی مصنوعات، الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ، سڑک کی تعمیر کا سامان اور الائے کاسٹنگ شامل ہیں۔ اسے دہلی-ممبئی انڈسٹریل کوریڈور (ڈی ایم آئی سی) کے تحت تیار کیا جا رہا ہے۔ کامرس اور صنعت کی وزارت کے مطابق، یہاں واقع پروجیکٹوں سے کل 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی اور ان سے تقریباً 1000 ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔ حکومت خطے میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل اور صنعت اور اندرونی تجارت کے فروغ کے محکمے (ڈی پی آئی آئی ٹی) کے سکریٹری امردیپ سنگھ بھاٹیہ کے ان علاقوں کے حالیہ دوروں نے پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنانے، صنعت سے متعلق مسائل کو حل کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
ہندوستھان ساچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
