چندولی، 16 مارچ ۔
چندولی ضلع کے سکلڈیہہ تھانہ علاقہ کے بتھاور پلیا کے نزدیک جمعہ کی دیر رات پولیس کی اسکارٹ وین اور پک اپ کے درمیان تصادم میں دونوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ حادثہ میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔ جہاں ان کی حالت دیکھ کر بہتر علاج کے لیے بی ایچ یو ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر اہلکاروں کے ساتھ زخمیوں کے لواحقین بھی اسپتال پہنچ گئے۔
پولیس اہلکار ریاستی وزیر پھاگو چوہان کے پروگرام میں شرکت کے لیے پولیس کی اسکارٹ گاڑی میں مؤ پولیس لائن سے نکلے تھے۔ جیسے ہی گاڑی بتھورا پولس کے قریب پہنچی تو اچانک سامنے سے آرہے ایک خالی پک اپ نے اسے ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں کانسٹیبل جے شنکر یادو، ابھے راج، شبھم ورما، ڈرائیور شر ون کمار اور پپو کمار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پک اپ ڈرائیور اور ہیلپر زخمی ہونے کے باوجود فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر اسکلڈ انچارج موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو قریبی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کروایا۔ وہاں سے ڈاکٹروں نے زخمیوں کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔
