لکھیم پور کھیری،
بی جے پی کے سابق ایم ایل اے بالا پرساد اوستھی کے فارم ہاؤس میں 30 لاکھ روپے کی چوری کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاع ملنے پر جمعہ کو موقع پر پہنچی پولیس نے تلاشی کے دوران دو ریوالور برآمد کئے جنکے کارتوس غائب تھے۔
پولیس کے مطابق دھورہارا سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے بالا پرساد اوستھی کا عیسی نگر تھانہ علاقہ میں واقع بیلٹوا گاؤں میں ایک فارم ہاؤس ہے۔ سابق ایم ایل اے نے پولیس کو بتایا ہے کہ جمعرات کی آدھی رات کو چوروں نے ان کے فارم ہاؤس سے تقریباً 50 لاکھ روپے چوری کر لیے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولس پہنچی اور معاملے کو لے کر گھر کی تلاشی شروع کی تو انہیں گھر کے صحن اور راستے میں دو ریوالور ملے۔ ابتدائی معلومات میں 30 لاکھ روپے کی چوری کا پتہ چلتا ہے۔ پولیس نے فرانزک ٹیم کے ساتھ مل کر جائے وقوعہ کی مکمل چھان بین کی ہے۔
