پٹنہ میں گولی مار کر دو لوگوں کا قتل
پٹنہ، یکم نومبر(ہ س)۔ راجدھانی پٹنہ میں منگل کی نصف شب بدمعاشوں نے مختلف مقامات پر دولوگوں کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ دونوں واقعات عالم گنج تھانہ علاقہ میں پیش آئے۔ نصف شب میں دو قتل کی وارداتوں کی وجہ سے پولیس پٹرولنگ اوراس کے کام کرنے کے اندازپربھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
پہلا واقعہ بڑی پٹن دیوی مندر کے قریب ہری لال کی گلی میں پیش آیا جہاں بدمعاشوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ سے ایک بزرگ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق رات نوجوانوں کے دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی۔ اس کے بعد جیل سے رہا ہوئے بدمعاش نے فائرنگ شروع کر دی، جس میں 70 سالہ مستری شیو ناتھ شرما کی موت ہو گئی جبکہ دو زخمی نوجوانوں کو پی ایم سی ایچ بھیجا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ ضلع روڈ میں پیش آیا۔ یہاں ایک 25 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کا مقصد کیا ہیں۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں تحقیقات کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/شہزاد
