اوکھا، 25 فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی صبح اوکھا اور بیٹ دوارکا کو جوڑنے والے سدرشن سیتو (پل) کا افتتاح کیا۔ صبح بیٹ دوارکا مندر میں بھگوان کرشن کی پوجا کرنے کے بعد صبح 8.25 بجے سدرشن پل کا افتتاح کیا گیا۔
یہاں سے دوارکا تک روڈ شو کرنے کے بعد وزیر اعظم دوارکا کے جگت مندر پہنچیں گے۔ یہاں دوارکادھیش کے درشن کرنے کے بعد وہ 12.30 بجے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اسی جگہ سے وزیر اعظم دیو بھومی دوارکا، جام نگر اور پوربندر اضلاع میں 4 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے 11 ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور بھومی پوجن کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نےجس اوکھا-بیٹ دوارکا پل کے لیے 7 اکتوبر 2017 کو بھومی پوجن کیا تھا، اتوار کو اس سدرشن پل کا افتتاح کیا۔ پل سے انہوں نے سمندر کا منظر دیکھا اور کشتیوں پر سوار لوگوں کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ تقریباً 978.93 کروڑ روپے کی لاگت سے 2320 میٹر لمبے پل کی تعمیر سے اوکھا اور بیٹ دوارکا کا راستہ آسان ہو جائے گا۔
اب تک عقیدت مند دوارکادھیش کی رہائش گاہ بیٹ دوارکا جانے کے لیے کشتی کا سہارا لیتے ہیں۔ اس پل پر سرپٹ دوڑتی گاڑیوں کے چلنے سے نہ صرف لوگوں کا وقت بچ جائے گا بلکہ لوگ سمندری خطرات سے بھی محفوظ رہیں گے۔ پہلے لوگوں کو اوکھا سے بیٹ دوارکا تک کشتی کے ذریعے جانے میں 30 سے 40 منٹ لگتے تھے جو اب کم ہو کر 5 سے 10 منٹ رہ جائیں گے۔ یہ چار لین پل 900 میٹر طویل سنٹرل کیبل ماڈیول پر مبنی ہے۔
