امریکہ پاکستان کے عام انتخابات میں ہوئی بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائے۔ عمران خان
اسلام آباد، 15 فروری ۔ پاکستان میں ہوئے عام انتخابات میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکہ سے اس حوالے سے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ 8 فروری کو ہوئے عام انتخابات ’’منصفانہ طریقے سے نہیں ہوئے‘‘ اور ’’انتخابی نتائج می دھاندلی ہوئی۔‘‘ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تینوں جماعتوں میں سے کسی کو 8 فروری کو ہوئے عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ نشستیں نہیں ملی ہیں۔
اس لیے ان میں سے کوئی بھی پارٹی تنہا حکومت بنانے کی اہل نہیں ہے۔ عمران خان کی جماعت ‘پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 100 سے زائد آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ لیکن پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ انتخابات میں بدعنوانی ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے عمر ایوب خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
قیصر نے کہا، ’’خان نے پیغام دیا ہے کہ امریکہ کو انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں (خان) نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنا کردار ٹھیک سے ادا نہیں کیا ہے۔‘‘ پی ٹی آئی کے عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ خان کا پیغام تھا کہ ’’امریکہ کے پاس موقع ہے اور اسے انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر وہ (امریکہ) جمہوریت کا حامی ہے تو اسے آواز اٹھانی چاہیے۔ دریں اثناء بدھ کو امریکہ پاکستان میں شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔
