گوہاٹی، 10 فروری ۔
ایسٹ بنگال ایف سی آج شام اندرا گاندھی ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 24-2023 کے ڈبل ہیڈر ڈے کے پہلے میچ میں میزبان نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی(این ای یو ایف سی) سے کھیلے گا۔ ہائی لینڈرز کا ارادہ اپنے گھریلو میدان میں ریڈ اینڈ گولڈ برگیڈ کی لے بگاڑنے کا ہوگا۔
جوآن پیڈرو بینالی اور ان کے ہائی لینڈرز نے اپنی مہم کا آغاز وسط سیزن کے وقفے کے بعد ڈرا کے ساتھ کیا، جس میں جمشید پور ایف سی کو سخت ٹکر دیتے ہوئے 1-1 سے روکا۔ محمد علی بامعمر کے دیر سے برابری کے گول نے انہیں میچ سے ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں مدد کی۔
نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی چھٹے پلے آف جگہ کے لیے متعدد شرکاء میں سے ایک ہے۔ وہ چھٹے نمبر پر موجود بنگلورو ایف سی (14 میچوں میں 14 پوائنٹس) سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہے اور ہائی لینڈرز (13) سے ایک میچ زیادہ کھیلا ہے۔
ایسٹ بنگال ایف سی نے اس وقت اب تک کی اپنی سب سے بڑی آئی ایس ایل جیت حاصل کی تھی جب اس نے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اس سیزن میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے میچ میں ہائی لینڈرز کو 0-5 سے شکست دی تھی۔ اس جیت سے ریڈ اور گولڈ بریگیڈ کی موجودہ شاندار کارکردگی کا آغاز ہوا، جو مسلسل جاری ہے اور اس دوران انہوں نے گزشتہ ماہ کلنگا سپر کپ جیتا۔
ہائی لینڈرز نے سیزن کا مثبت آغاز کیا، لیکن دسمبر میں اچھا مظاہرہ کرنے سے پہلے ان کی فارم قدرے خراب ہوگئی تھی۔ اگلے نو میچز کافی چیلنجنگ ہونے والے ہیں۔ایسے میں ممکنہ کوالیفکیشن پانا ان کے لیے قابل ذکر واپسی ہوگی، کیونکہ انہوں نے 23-2022 کے سیزن میں 20 لیگ میچوں میں سے صرف ایک جیت حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 7 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ نے 3 اور ایسٹ بنگال نے 2 جیتے ہیں جب کہ 2 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
