کمزور شروعات کے بعد سنبھلا شیئر بازار، سینسیکس 407 پوائنٹس اچھلا
نئی دہلی، 31 جنوری (ہ س)۔ ہفتے کے تیسرے کاروباری دن بدھ کو ایشیائی بازاروں کے کمزور رجحان اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) کی فروخت کی وجہ سے سست آغاز کے باوجود ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے شیئروں کی خریداری سے شیئر مارکیٹ نے واپسی کی۔ فی الحال شیئر بازار کے دونوں بڑے انڈیکس میں تیزی کا رجحان ہے۔
بازار کا مرکزی انڈیکس بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) سینسیکس 407.26 پوائنٹس یعنی 0.57 فیصد کے اضافے کے ساتھ 71,547.16 کی سطح پر کاروبار رہا ہے۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 120.45 پوائنٹس یعنی 0.56 فیصد اضافے کے ساتھ 1,642.55 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا ہے۔
دراصل سرمایہ کار اس ہفتے آنے والے عبوری بجٹ اور شرح سود پر امریکی فیڈرل ریزرو کے فیصلے جیسے بڑے اعلانات سے پہلے محتاط ہیں۔ آج بی ایس ای کا 30 حصص والا انڈیکس سینسیکس ابتدائی تجارت میں 243.07 پوائنٹس گر کر 70,896.83 پر آگیا، جب کہ نفٹی بھی 73.25 پوائنٹس گر کر 21,448.85 پر آگیا تھا۔
سینسیکس کی سرکردہ کمپنیوں میں سے ایک لارسن اینڈ ٹوبرو کے حصص پانچ فیصد گر گئے۔ اس کے ساتھ ہی ٹائٹن، کوٹک مہندرا بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، انفوسس، ایکسس بینک اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے حصص کو بھی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ حالانکہ ٹاٹا موٹرز، ریلائنس انڈسٹریز،ٹاٹا اسٹیل اور بجاج فنسرو کے شیئروں میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے ایک روز قبل منگل کو شیئر مارکیٹ میں گراوٹ دیکھنے میں آئی تھی۔ بی ایس ای سینسیکس 801 پوائنٹس گر کر 71,139 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اس کے ساتھ ہی نفٹی بھی 215 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 21,522 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
