گزشتہ چند سالوں سے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے۔ اس معاملے پر اکثر ہنگامہ آرائی ہوتی تھی۔ فلم انڈسٹری میں بہت سے لوگ اس کے خلاف تھے اور اس پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ، لیکن اب ایک مقبول پاکستانی گلوکار جلد ہی بالی ووڈ میں واپسی کرنے جا رہے ہیں۔پاکستانی گلوکار عاطف اسلم سات سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کر رہے ہیں۔ واضح رہے عاطف اسلم فلم ”90 کی لو اسٹوری “ کے ذریعے واپسی کریں گے۔ اداکار ادھیان سمن اور مس یونیورس انڈیا دیویتا رائے فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کے پروڈیوسرز نے عاطف اسلم کی واپسی پر تبصرہ کیا ہے۔
میکرز کا کہنا تھا کہ عاطف اسلم تقریباً 7 سے 8 سال بعد واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ عاطف نے ہماری فلم کا پہلا گانا گایا ہے۔ اس فلم سے وہ بالی ووڈ میں واپسی کریں گے۔ انہیں اس گانے کے لیے تیار کرنا بہت مشکل تھا ، کیونکہ وہ فلم کی کہانی اور کرداروں کا باریک بینی سے مطالعہ کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ سال 2024 کا سب سے سپر ہٹ گانا ہوگا۔ اس گانے کی موسیقی ، بول اور سینماٹوگرافی بالکل مختلف ہوگی۔
دراصل 14 فروری 2019 کو پلوامہ حملے کے بعد پورے ملک میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اس حملے کے بعد ہی سنے ورکس ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔ عاطف اسلم کے پوری دنیا میں بے شمار مداح ہیں۔ عاطف کو اصل پہچان 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ قسمت کنکشن ‘ کے گانے ’ بخدا تم ہو ‘ سے ملی۔ بعد ازاں فلم ریس میں ان کا گانا بھی ہٹ ہوگیا۔ عاطف اسلم نے سال 2009 میں ریلیز ہونے والی ‘ عجب پریم کی غضب کہانی ‘ کے لیے دو گانے گائے اور کافی ہٹ ہوئے۔ عاطف نے آخری بار سلمان کی 2017 کی فلم ٹائیگر زندہ ہے کے لیے گایا تھا۔ اب تقریباً 7 سال بعد عاطف کی آواز ایک بار پھر بالی ووڈ میں گونجے گی۔ بھارت میں ان کے مداح ان کے آنے والے گانے کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔
