نئی دہلی، 29 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (پیر) صبح 11 بجے اپنے مقبول ‘پریکشا پہ چرچا’ پروگرام (ساتواں ایڈیشن) کے تحت طلبا کو تناؤ سے دور رہنے کا بہترین مشورہ دیں گے۔ اس کے لیے ہندوستان اور بیرون ملک سے 2.27 کروڑ سے زیادہ طلبہ، اساتذہ اور والدین نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ یہ پروگرام ‘پریکشا پہ چرچا’ کا اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ قومی راجدھانی کے پرگتی میدان کمپلیکس میں واقع بھارت منڈپم میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کے لیے تین ہزار طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے ایکس ہینڈل پر وزیر اعظم مودی کے اس پروگرام کے بارے میں مختصر تصویری معلومات شیئر کی ہیں۔
دریں اثنا، وزارت تعلیم نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے گورنروں، لیفٹیننٹ گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھ کر اس تقریب کو دیکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ اسے ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں دکھانے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے 2018 میں پریکشا پہ چرچا پروگرام شروع کیا تھا۔ طلبا اور نوجوان اس کے ہر ایڈیشن کا انتظار کرتے ہیں۔ پچھلے سال اس پروگرام کے لیے 31 لاکھ طلبا نے اپنا نام درج کرایا تھا۔
