نئی دہلی ، 25 جنوری ۔
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو عبوری بجٹ پیش کریں گی۔ مالی سال 2024-25 کا مرکزی بجٹ نئی حکومت لوک سبھا انتخابات کے بعد پیش کرے گی۔ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر خزانہ آر کے شانمکھم چیٹی نے پہلا مرکزی بجٹ پیش کیا۔
ملک کے پہلے وزیر خزانہ آر کے شانمکھم چیٹی نے 26 نومبر 1947 کو آزاد ہندوستان کا پہلا بجٹ پیش کیا۔ یہ بجٹ 15 اگست 1947 اور 31 مارچ 1948 کے درمیان کے ساڑھے سات ماہ پر محیط تھا۔ پہلے مرکزی بجٹ میں کل آمدنی کا تخمینہ 171.15 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔ اس میں اخراجات کا تخمینہ 197.29 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔ مالیاتی خسارے کا تخمینہ 26.24 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔ دفاعی خدمات کے لیے تقریباً 92.74 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔
عبوری بجٹ عام انتخابات سے عین قبل پیش کیا جانے والا بجٹ ہوتا ہے۔ اسے ووٹ آن اکاو¿نٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ حکومت عام انتخابات سے قبل اپنے دور اقتدار کے آخری سال میں عبوری بجٹ پیش کرتی ہے۔ یکم فروری 2024 کو پیش کیا جانے والا عبوری بجٹ ووٹ آن اکاو¿نٹ ہوگا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد، حکومت اپریل سے جولائی کی مدت کے اخراجات کے لیے متناسب بنیادوں پر کنسولیڈیٹیڈ فنڈ آف انڈیا سے رقم نکال سکے گی۔
ہندوستھان سماچار
