آئی جی پی جموں زون آنند جین نے ضلع رامبن میں امن و امان سیکورٹی و جرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا
جموں، 9 دسمبر (ہ س)۔ انسپیکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین نے آئی جی پی جموں کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورے کے دوران ضلع رام بن میں امن و امان، سیکورٹی اور جرائم کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ ڈی پی او رام بن کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں نگران افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج پولیس چوکی افسران موجود تھے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران، آئی جی پی آنند جین نے علاقے میں جرائم کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور پولیس کے کام کو بڑھانے اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے ہدایات دیں۔ ایس ایس پی رامبن موہتا شرما نے آئی جی پی کو امن و امان، جرائم اور سیکورٹی کے حالات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اُنہوں نے حفاظتی گرڈ کو مضبوط بنانے اور پولیسنگ کو بہتر بنانے کے لیے رامبن پولیس کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ زیر التواء مقدمات کی تفتیش پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امن و امان برقرار رکھنے جرائم کی روک تھام اور عوامی شکایات کے ازالے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آئی جی پی جموں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نارکو اور یو اے پی اے کیسوں سے نمٹنے میں صلاحیتوں کو بڑھا دیں۔
انہوں نے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے اہم معاملات کی قریبی نگرانی پر زور دیا۔ آئی جی پی جموں نے ڈی پی او رامبن میں ماحول دوست اور صاف ستھرے ماحول کو فروغ دینے کے لیے ایک پودا بھی لگایا۔ اس دورے میں ایس ڈی پی او آفس بانہال میں سہولیات کا معائنہ اور تھانہ بانہال کی تجدید شدہ عمارت کا افتتاح شامل تھا۔ پولیس افسر نے نیویگ ٹنل کے قریب چیکنگ پلازہ میں ٹریفک کے انتظام کا بھی جائزہ لیا۔
ہائر اسیکنڈری اسکول بانہال میں سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی جموں نے بہتر پولیسنگ کے لیے پولیس اور عوام کے تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے سماجی جرائم اور منشیات کی لعنت کے خاتمے میں کمیونٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور عوام پر زور دیا کہ وہ جرائم کی روک تھام اور سراغ لگانے میں تعاون کریں۔ شرکا نے علاقے میں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے فرائض کی بہتر کارکردگی کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ آئی جی پی جموں نے منشیات کی لعنت سے نمٹنے اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے جاری پروگراموں پر روشنی ڈالی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
