نئی دہلی، 09 نومبر ۔
لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی نے جمعرات کو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی رکن اسمبلی مہوا موئترا کے خلاف ‘کیش فار کیوری’ کیس میں اپنی رپورٹ کو منظوری دے دی۔ یہ رپورٹ جمعہ کو لوک سبھا اسپیکر کو پیش کی جائے گی۔
رپورٹ کی حمایت میں 6 اور مخالفت میں 4 ووٹ ڈالے گئے۔ رپورٹ کی حمایت کرنے والے اراکین میں اپراجیتا سارنگی، راجدیپ رائے، سومیدھانند سرسوتی، پرنیت کور، ونود سونکر، ہیمنت گوڈسے شامل ہیں۔ رپورٹ کی مخالفت کرنے والوں میں دانش علی، وی ویتھیلنگم، پی آر نٹراجن اور گریدھری یادو شامل ہیں۔
اس معاملے پر میٹنگ کے بعد لوک سبھا ایتھکس کمیٹی کے چیئرمین اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ونود کمار سونکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘اخلاقیات کمیٹی نے مہوا موئترا کے خلاف الزامات کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کی تھی۔ آج کا واحد ایجنڈا اس رپورٹ کو منظور کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی اخلاقیات کمیٹی کے چھ ارکان نے ٹی ایم سی رکن اسمبلی مہوا موئترا کے خلاف الزامات پر رپورٹ کی حمایت کی، جبکہ چار ارکان نے اس کی مخالفت کی۔
بی جے پی ایم پی ونود کمار سونکر کی سربراہی والی کمیٹی نے پہلے بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے اور وکیل جئے اننت دیہادرائی کی سماعت کی تھی جنہوں نے مہوا موئترا کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مبینہ ‘کیش فار کیوری’ معاملے میں جاری تحقیقات کے پیش نظر ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کو لوک سبھا سے نااہل قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
