بدمعاش دن دیہاڑے شراب فروش سے سات لاکھ روپے کا تھیلا لے کر فرار
جھانسی، 02 نومبر ۔ جھانسی ضلع کے مورانی پور قصبہ میں ایک شراب کے تاجر سے سات لاکھ روپیوں سے بھرا بیگ، بائک پر سوار نقاب پوش مجرم لے کر فرار ہو گئے۔ شراب کاروباری ایکسس بینک میں رقم جمع کروانے آیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔
بی جے پی لیڈر دنیش راجپوت کا بیٹا رشبھ راجپوت شراب کا کاروبار کرتا ہے۔ جمعرات کی صبح جیسے ہی بینک کھلا، وہ رقم جمع کرانے گھر سے ایکسس بینک پہنچا۔ رشبھ نے بتایا کہ وہ بیگ میں سات لاکھ 20 ہزار روپے لے کر آیا تھا جیسے ہی وہ اپنی گاڑی سے اترا اور کار کا دروازہ بند کرنے لگا۔ تبھی ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نقاب پوش بدمعاشوں نے اس کے ہاتھ سے بیگ چھین لیا اور فرار ہو گئے۔
