انگلینڈ کے 18 کھلاڑیوں نے ای سی بی کے کئی سالہ معاہدوں پر دستخط کیے
لندن، 25 اکتوبر (ہ س)۔ دنیا بھر میں فرنچائزی کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے درمیان پہلی بار انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے اپنے کرکٹرز کو کئی سالہ سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے۔ بورڈ نے ایک بیان میں کہا، ’’ای سی بی نے تمام فریق کے لیے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے کھلاڑیوں کی جانب سے پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن اور ٹیم انگلینڈ پلیئر پارٹنرشپ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔‘‘
18 کھلاڑیوں نے کثیر سالہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جبکہ مزید آٹھ کھلاڑیوں نے عام سالانہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ بورڈ کی جانب سے مزید تین کو انگلینڈ کے ترقیاتی کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔
ابھرتے ہوئے اسٹارز ہیری بروک، سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ اور تیز گیندباز مارک ووڈ نے تین سال کے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب بروک کو ای سی بی کے مرکزی معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔ جوفرا آرچر، محدود اووروں کے کپتان جوس بٹلر، وکٹ کیپر بلے باز جونی بیئرسٹو، تازہ ترین تیز رفتار سنسنی گس ایٹکنسن ان 15 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے دو سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے ای سی بی کے ساتھ صرف 12 ماہ کا معاہدہ کیا ہے۔ اسٹوکس کے علاوہ تجربہ کار جیمز اینڈرسن اور آل راؤنڈر معین علی ان آٹھ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے سالانہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دیوڈمالن، جو پچھلے سال اس سے باہر ہو گئے تھے، کو اس بار سالانہ کنٹریکٹ سے نوازا گیا ہے۔ حالانکہ جاری ون ڈے ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ ہونے کے باوجود ڈیوڈ ویلی کو باہر رکھا گیا ہے۔
میتھیو فشر، ثاقب محمود اور اَن کیپڈ جان ٹرنر وہ تین کھلاڑی ہیں جنہیں ترقیاتی معاہدے دیئے گئے ہیں۔
کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہے۔
ای سی بی کے تین سالہ مرکزی معاہدے: ہیری بروک، جو روٹ، مارک ووڈ۔
ای سی بی کے دو سالہ مرکزی معاہدے: ریحان احمد، گس ایٹکنسن، جونی بیئرسٹو، جوس بٹلر، برائیڈن کارسے، زیک کرولی، سیم کرن، بین ڈکیٹ، لیام لیونگسٹون، اولی پوپ، میتھیو پوٹس، عادل رشید، جوش ٹونگ، کرس ووکس۔
ای سی بی کا ایک سال کا مرکزی معاہدہ: معین علی، جیمز اینڈرسن، بین فاکس، جیک لیچ، ڈیوڈ مالن، اولی رابنسن، بین اسٹوکس، ریس ٹوپلے۔
انگلینڈ کے ترقیاتی معاہدے: میتھیو فشر، ثاقب محمود، جان ٹرنر۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
