رانچی، 4 جنوری (ہ س)۔ اپنے پہلے اولمپکس میں جگہ بنانے پر نظر رکھتے ہوئے اٹلی کی خواتین ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر 2024کے لئے جمعرات کی صبح رانچی پہنچی۔
فیڈریکا کارٹا اور سارہ پگلیسی کی قیادت میں اطالوی ٹیم 13 جنوری 2024 کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جو دونوں ٹیموں کے درمیان سات سالوں میں پہلا مقابلہ ہوگا۔ ایف آئی ایچ عالمی درجہ بندی میں 19 ویں نمبر پر موجود اٹلی کو پول بی میں رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنے دوسرے میچ میں 14 جنوری کو امریکہ کا مقابلہ کرے گی اور پھر 16 جنوری کو بھارت کے خلاف اپنا آخری پول میچ کھیلے گی۔
پول اے کی دیگر ٹیموں میں اولمپک سلور میڈلسٹ جرمنی، ایسٹ ایشین گیمز کی چیمپئن جاپان، چلی اور جمہوریہ چیک شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی ٹاپ 3 ٹیمیں پیرس اولمپک گیمز 2024 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
رانچی پہنچ کر کپتان سارہ پگلیسی نے آنے والے ٹورنامنٹ کے لیے اپنے جوش کا اظہار کیا اور آنے والے میچوں کے لیے ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں بتایا۔ ”ہم نے کچھ مہینوں تک ایک ساتھ تیاری کی ہے۔ ہم نے بہت کام کیا ہے – ہم یہاں آئے ہیں اور ہم اس ہفتے اپنی تربیت کا آخری مرحلہ مکمل کریں گے اور پھر ہم مل کر ٹورنامنٹ شروع کریں گے۔ یہ کافی دلچسپ ہے۔“
ٹورنامنٹ میں اعلیٰ رینکنگ کی ٹیموں کا سامنا کرنے کے باوجود اطالوی کپتان نے اپنی ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم جانتے ہیں کہ یہ ایک سخت مقابلہ ہوگا۔ لیکن سب کچھ کھلا ہے اور کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ ہم اپنے حق میں نتیجہ حاصل کرنے کے لیے جو بھی کرنا پڑے گا کریں گے۔“
میزبان ہندوستان کے بعد اٹلی دوسری ٹیم ہے جو رانچی پہنچی اور کپتان سارہ نے ٹیم کے جلد پہنچنے کی واضح وجہ بتائی۔”ہم یہاں اپنی تیاری مکمل کرنا چاہتے تھے تاکہ ہم موسم اور ٹرف کے عادی ہو سکیں – اس لیے ہم نے جلد آنے کا فیصلہ کیا۔“
اٹلی نے گزشتہ برسوں میں خواتین کی ہاکی میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں 2013 یورو ہاکی نیشنز چیمپئن شپ سیکنڈ میں طلائی تمغہ بھی شامل ہے، لیکن انہیں ابھی تک اولمپک کوٹہ حاصل کرنا باقی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ پیرس کے لیے کوالیفائی کرنے کا ٹیم کے لیے کیا مطلب ہوگا، سارہ نے کہا، ”ہم ایک طویل عرصے سے اولمپکس میں جانے کا انتظار کر رہے ہیں، اس لیے اگر ہم کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ہم پرجوش ہیں۔یہ سب کے لیے ایک خواب ہے۔“
دریں اثنا، اٹلی کی خواتین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریس مونڈو نے تجربہ کی کمی کے باوجود اپنی ٹیم کی حمایت کی اور بتایا کہ ٹیم کو کیوں ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا،”ہم ایک بہت نئی اور نوجوان ٹیم ہیں، اور آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم مختلف فارمیشن کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس وقت ہم 19ویں پوزیشن پر ہیں۔ لیکن اس ٹیم میں، ہمارے پاس جس میعار کے کھلاڑی ہیں ، ہمیں نہیںلگتا کہ ہم ویں نمبر پر ہیں“۔
ہندوستھان سماچار
