نئی دہلی ،12نومبر ۔
بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ان چار ٹیموں میں سے کوئی بھی دو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ جبکہ سابق کرکٹر آکاش چوپڑا کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا سکتا ہے ۔ ان کے مطابق اس بات کا پورا امکان ہے کہ اس بار ورلڈ کپ کا فائنل ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اگر ہم آسٹریلوی ٹیم کی بات کریں تو ورلڈ کپ میں ان کا آغاز زیادہ اچھا نہیں تھا اور وہ اپنے پہلے دو میچ ہار گئی تھی۔ تاہم اس کے بعد ٹیم نے زبردست واپسی کی اور لگاتار 7 میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے لگاتار آٹھ میچ بھی جیتے ہیں۔
آکاش چوپڑا کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا دونوں ٹیمیں زبردست فارم میں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فائنل میچ ان کے درمیان ہی ہو سکتا ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا نمبر 2 اور نمبر 3 ٹیمیں ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچ ایڈن گارڈن گراو¿نڈ میں کھیلا جائے گا۔ اگرچہ آسٹریلیائی ٹیم کو لیگ میچوں میں جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی تھی لیکن یہاں مجھے لگتا ہے کہ آسٹریلیا کا ہاتھ ہے۔ اگرچہ آسٹریلیا کی بولنگ اتنی اچھی نہیں لگ رہی لیکن آپ انہیں نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اس بات کے پورے امکانات ہیں کہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ 19 نومبر کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جا سکتا ہے۔
بتا دیں کہ پہلا سیمی فائنل میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
