لوک سبھا انتخابات سے پہلے بنگال میں ہوگا امت شاہ کا دورہ
کولکاتا، 18 نومبر (ہ س)۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے مغربی بنگال بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے بہت خاص ہوتا جا رہا ہے۔ یہاں اسی سال کے اختتام سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی بنگال آنے والے ہیں۔ شاہ 29 نومبر کو بنگال کا دورہ کر سکتے ہیں۔
ریاستی بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ جمعہ کو ریاستی صدر سکانت مجومدار دہلی گئے ہیں جہاں انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بات کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ دھرمتلا کے بریگیڈ پریڈ گراونڈ میں بی جے پی کا ایک بہت بڑا جلسہ عام ہونے والا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو 29 نومبر کو ہونے والے اس جلسہ عام سے کلیدی مقرر کے طور پر خطاب کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر انہوں نے رضامندی دے دی ہے۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وزیر داخلہ کولکاتا جائیں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس پروگرام میں وہ لوگ شامل ہوں گے جو ممتا حکومت کے رویہ کی وجہ سے مرکزی اسکیموں سے محروم رہ گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 24 دسمبر کو کولکاتا میں گیتا جینتی کے موقع پر ایک لاکھ لوگ گیتا کا پاٹھ کریں گے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیر داخلہ امت شاہ کا جلسہ خاص ہونے والا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
