نئی دہلی علاقے میں آج پرائیویٹ ڈرائیور ان راستوں سے گزرنے سے بچیں، ٹریفک ایڈوائزری جاری
نئی دہلی، 26 مارچ ۔ امن و امان کی خصوصی صورتحال کے پیش نظر قومی راجدھانی دہلی میں آج (منگل) کو ٹریفک متاثر رہے گی۔ اس کے لیے پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی کے سرپرست اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف پارٹی نے 26 مارچ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا گھیراو کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی حکومت کے مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق تغلق روڈ، صفدر جنگ روڈ اور کمال اتاترک مارگ پر کسی بھی گاڑی کو رکنے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی ایسا کرے گا تو اس کے خلاف قانونی ہدایات نہیں ماننے پر کارروائی کی جائے گی۔ گاڑیوں کو کالی باڑی مارگ واقع ٹریفک پٹ میں پارک کیا جائے گا۔
دہلی ٹریفک پولیس نے صلاح دی ہے کہ گاڑی ڈرائیور اروبندو چوک، تغلق روڈ، سمراٹ ہوٹل گول چکر، جم خانہ پوسٹ آفس گول چکر، تین مورتی ہائیفا گول چکر، نیتی مارگ چوراہہ اور کوٹلیا مارگ چوراہہ پر کسی بھی وقت ڈائیورژن کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ پرائیوٹ گاڑی ڈرائیور کمال اتاترک مارگ، صفدر جنگ روڈ، اکبر روڈ اور تین مورتی مارگ جانے سے حتی الامکان گریز کریں۔ پریشانی سے بچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
ایڈوائزری میں آئی ایس بی ٹی، ریلوے اسٹیشنوں اور اندرا گاندھی ایئرپورٹ کی طرف جانے والے لوگوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ مناسب وقت کے ساتھ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں ورنہ انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دہلی پولیس نے مدد کے لیے نمبر جاری کیے ہیں۔ واٹس ایپ کے لیے 8750871493 نمبر کے علاوہ دیگر دو نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں۔ وہ یہ ہیں- 1095 اور 011-25844444۔
