چنڈی گڑھ، یکم نومبر ۔ پنجاب کے مسائل پر مان سرکار کی مہابحث(عظیم بحث) سے چند گھنٹے قبل گورنر بنواری لال پروہت نے دو بلوں کو منظوری دے دی ہے۔ مان حکومت نے گورنر کو تین بل بھیجے تھے۔
ان بلوں کومنظوری نہیں دیئے جانے کی وجہ سے پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اس کیس کی سماعت 3 نومبر کو ہوگی۔ اس سے پہلے بھی گورنر دو بلوں کی منظوری دے چکے ہیں۔ گورنر نے پنجاب گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (ترمیمی) بل 2023 اور انڈین اسٹیمپ (پنجاب ترمیمی) بل 2023 کی منظوری دے دی ہے۔
پہلا بل آن لائن گیمنگ پر جی ایس ٹی کے نفاذ اور جی ایس ٹی اپیلٹ ٹریبونل کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔ دوسرا بل جائیداد کے رہن پرا سٹیمپ ڈیوٹی عائد کرنے کے بارے میں ہے۔ پنجاب مالیاتی ذمہ داری اور بجٹ مینجمنٹ (ترمیمی) بل 2023 فی الحال گورنر کے پاس زیر التوا ہے۔
