میزورم میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ جاری
آئیزول، 7 نومبر (ہ س)۔ میزورم اسمبلی کی 40 نشستوں کے لیے منگل کی صبح آٹھ بجے سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوئی۔ پرامن انتخابات کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹروں میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ ووٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی ووٹروں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی۔
میزورم کی تمام 40 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ 40 نشستوں کے لیے کل 174 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں سے 16 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ میزورم اسمبلی انتخابات میں 8.57 لاکھ سے زیادہ ووٹر امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ میزورم میں صبح 7 بجے سے 1276 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
انتخابات میں کل 174 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام امیدواروں کو پرسنل سیکورٹی آفیسرز(پی ایس او) فراہم کیے گئے ہیں۔ ریاست بھر میں میزورم کے 1831 سویلین پولیس افسران کے ساتھ 2527 اسپیشل آرمڈ پولیس فورس (ایس اے پی ایف) اور 2700 سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ میزورم ریزرو ہوم گارڈز (ایم آر ایچ جی) کے اضافی 160 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس طرح سیکورٹی فورسز کی کل تعیناتی 7200 پولیس بتائی جاتی ہے۔
پرامن ووٹنگ کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ میزورم کے چیف الیکٹورل آفیسر مدھوپ ویاس نے کہا کہ پرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی پولیس اور مرکزی فورسز کی 50 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ آسام، منی پور اور تریپورہ کی بین ریاستی سرحدیں اور میانمار اور بنگلہ دیش کی بین الاقوامی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
وہیں میزورم پولیس نے میزورم کے لوگوں سے ووٹنگ کے عمل کے دوران امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ میزورم کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ شہریت کا مظاہرہ کرنے کے لیے اپنا ووٹ ڈالیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
