کاٹھمنڈو، 03 دسمبر (ہ س)۔ نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کو دو چھوٹے دھماکے ہوئے جب ایک چینی مسافر کے بیگ میں رکھے پاور بینک میں آگ لگ گئی۔ واقعے کے وقت طیارہ ایئرپورٹ پر موجود تھا ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔
تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ترجمان سبھاش ساہ نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر ایئر چائنا کی پرواز سے چانگدو جانے کے لیے بورڈنگ پاس کے ساتھ طیارے کا انتظار کرنے والے ایک چینی مسافر کے ہینڈ بیگ میں رکھے ہوئے پاور بینک میں اچانک آگ لگ گئی۔ چینی مسافر اپنے ہینڈ بیگ میں پاور بینک رکھ رہا تھا اور اسے آئی پیڈ کی کیبل سے جوڑ کر استعمال کر رہا تھا۔ اس دوران اس میں آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد جیسے ہی ہینڈ بیگ سے پاور بینک نکالا گیا تو یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔ دھماکے کی شدت کافی کم تھی۔
ہوائی اڈے پر تعینات ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جس مسافر کے پاور بینک میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی اسے اگلے 10 منٹ کے اندر طیارے میں سوار ہونا تھا۔ اگر یہ دھماکہ طیارہ ٹیک آف کرنے کے بعد ہوا ہوتا تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
