
انوپم کھیر کی ہدایت کاری میں بنی فلم ‘تنوی دی گریٹ’ 18 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کو ناقدین کی جانب سے اچھا رسپانس ملا اور ناظرین نے بھی اس کی کہانی اور اداکاروں کی اداکاری کو سراہا۔ تاہم یہ فلم باکس آفس پر توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ اس دوران فلم کے حق میں ایک اچھی خبر آئی ہے۔ ‘تنوی دی گریٹ’ کو مدھیہ پردیش حکومت نے ٹیکس فری کر دیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس فیصلے سے ریاست میں فلم کو زیادہ ناظرین ملیں گے اور اس کی کمائی بڑھ سکتی ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں ‘تنوی دی گریٹ’ کو ٹیکس فری کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اس فلم کو دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا، یہ صرف ایک فلم نہیں ہے، بلکہ ایک متاثر کن پیغام ہے۔ انوپم کھیر اور تمام اداکاروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ اس فلم کو ریاست میں ٹیکس فری بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انوپم کھیر نے بھی وزیر اعلیٰ موہن یادو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس فیصلے کو فلم کے لیے بڑی راحت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے فلم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے گی اور اس کا پیغام مزید مضبوط ہوگا۔
فلم ‘تنوی دی گریٹ’ کے بارے میں بات کریں تو یہ 21 سالہ تنوی رینا کی متاثر کن کہانی ہے، جو آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر کے ساتھ جدوجہد کرتی ہے۔ شوبھانگی دت نے اس کردار کو بہت سنجیدگی سے نبھایا ہے۔ فلم میں انوپم کھیر بھی اہم کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جیکی شراف، پلوی جوشی، بومن ایرانی اور کرن ٹیکر جیسے تجربہ کار اداکار بھی اس حساس کہانی کا حصہ ہیں۔ باکس آفس ٹریکر ساکنلک کے مطابق، ‘تنوی دی گریٹ’ نے اب تک کل 1.83 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔ اگرچہ کمائی محدود رہی ہو لیکن فلم کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
