نئی دہلی ، 24 جنوری (ہ س)۔
پبلک سیکٹر کینرا بینک نے رواں مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ اکتوبر-دسمبر سہ ماہی میں بینک کا منافع 29 فیصد بڑھ کر 3,656 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ بینک نے گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں 2,832 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا تھا۔بدھ کو اسٹاک مارکیٹ کو دی گئی معلومات میں کینرا بینک نے کہا کہ مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی میں اس کا منافع 29 فیصد بڑھ کر 3,656 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ اس مدت کے دوران، اس کی کل آمدنی بھی بڑھ کر 32,334 کروڑ روپے ہوگئی جو گزشتہ مالی سال 2022-23 کی اسی سہ ماہی میں 26,218 کروڑ روپے تھی۔ تیسری سہ ماہی میں بینک کی خالص سود کی آمدنی 9.5 فیصد بڑھ کر 9,417 کروڑ روپے ہوگئی۔
بینک کے مطابق، 31 دسمبر کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں اس کے مجموعی نان پرفارمنگ اثاثے (این پی اے) کم ہو کر مجموعی قرضوں کا 4.39 فیصد رہ گئے ، جو کہ گزشتہ مالی سال 2022-23 کی اسی مدت میں 5.89 فیصد تھا۔ اسی طرح اس مدت کے دوران خالص این پی اے یا خراب قرضے کم ہو کر 1.32 فیصد رہ گئے ہیں جو دسمبر 2022 کے آخر میں 1.96 فیصد تھے۔
