شیئر بازار میں ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری، سینسیکس 71 ہزار سے تجاوز
نئی دہلی، 15 دسمبر (ہ س)۔ مضبوط عالمی اشاروں کے درمیان آج (جمعہ) کو گھریلو شیئر بازار میں تیزی کا ماحول ہے۔ گھریلو شیئر بازار نے آج مسلسل دوسرے دن تاریخ کی بلند ترین سطح کے نئے ریکارڈ کے ساتھ کاروبار کا آغاز کیا۔ تاہم کاروبار کے پہلے آدھے گھنٹے کے دوران منافع وصولی کے دباو کی وجہ سے حصص بازار میں گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ لیکن اس کے بعد خریداروں نے چارج سنبھال لیا اور چوطرفہ خریداری شروع کر دی جس کی وجہ سے حصص بازار کے دونوں انڈیکس ایک بار پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ آج پہلی بار سینسیکس بھی 71 ہزار پوائنٹس کی سطح کو عبور کرنے میں کامیاب رہا۔ صبح 11 بجے تک سینسیکس 0.64 فیصد اور نفٹی 0.63 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں آئی ٹی سیکٹر کے حصص میں زوردارتیزی بنی ہوئی ہے۔ شیئر بازار کے بڑے شیئروں میں انفوسس، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی، ٹی سی ایس، ایل ٹی مائنڈ ٹری اور وپرو کے حصص 4.03 فیصد سے لیکر 2.50 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں۔ دوسری طرف ایچ ڈی ایف سی لائف، نیسلے ایس بی آئی لائف انشورنس، برٹانیہ اور آئی ٹی سی کے شیئروں میں 2.28 فیصد سے لیکر 0.73 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے ہیں۔
ابھی تک کے کاروبار میں حصص بازار میں 2,040 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,281 حصص منافع کماکر سبز نشان میں جبکہ 759 شیئرس خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 حصص میں سے 17 حصص خرید کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 13 حصص سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل حصص میں سے 30 حصص سبز نشان میں اور 20 حصص سرخ نشان میں کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کے سینسیکس نے آج ایک بار پھر ایک نیا افتتاحی ریکارڈ بناتے ہوئے 289.93 پوائنٹس کی چھلانگ کے ساتھ 70,804.13 پوائنٹس کی سطح پر تجارت شروع کی۔ حالانکہ بازار کھلتے ہی منافع وصولی شروع ہوگئی جس کی وجہ سے انڈیکس گر کر 70,655.97 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد بازار میں ہر طرف خریداری شروع ہو گئی۔ خریداری کے تعاون سے یہ انڈیکس 71,084.08 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان صبح 11 بجے تک سینسیکس 449.16 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 70,963.36 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کی طرح این ایس ای کے نفٹی نے بھی آج 104.75 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ اب تک کی بلند ترین سطح کا نیا ریکارڈ بناتے ہوئے 21,287.45 پوائنٹس پر تجارت شروع کی۔ بازار کھلتے ہی اس انڈیکس کو بھی فروخت کے دباو کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انڈیکس ابتدائی سطح سے 50 پوائنٹس سے بھی زیادہ گر کر 21,235.30 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداروں نے چارج سنبھال کر خریدنا شروع کر دیا۔ مسلسل خریداری کے باعث چھلانگ لگا کر یہ انڈیکس 21,355.65 پوائنٹس کی نئی بلندی تک پہنچ گیا۔ تاہم اس کے بعد ایک بار پھر بازار میں فروخت کا دباو بننا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے اس انڈیکس کی رفتار میں کمی آئی۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان صبح 11 بجے نفٹی 134.10 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,316.80 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
