نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ ایل اینڈ ٹی فنانس نے دیہی اور نیم شہری علاقوں میں غریب خواتین، کسانوں اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ معاہدے کے تحت کمپنی کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 125 ملین ڈالر کی رقم طویل مدتی قرض کے طور پر ملے گی۔
ایل اینڈ ٹی فنانس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرض کی رقم کا 40 فیصد غریب خواتین کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ باقی 60 فیصد رقم کمزور طبقے کے کسانوں کو قرض دینے اور ایم ایس ایم ای کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 125 ملین ڈالر کے طویل مدتی قرضے کے علاوہ کمپنی کے دیگر ترقیاتی شراکت داروں سے بھی اتنی ہی رقم ملے گی۔ اس طرح کمپنی دیہی اور نیم شہری علاقوں میں غریب خواتین، کسانوں اور ایم ایس ایم ای کی مالی ضروریات کو پورا کر سکے گی۔
ایل اینڈ ٹی فنانس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے طویل مدتی قرض کمپنی کے سماجی ذمہ داری کے بنیادی اصولوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔ اس سے ملک کے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان مالیاتی فرق کو ختم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ اس سے ملک میں جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ ایل اینڈ ٹی فنانس ایشیائی ترقیاتی بینک اور اس کے ترقیاتی شراکت داروں سے حاصل ہونے والی رقم کو دیہی اور نیم شہری علاقوں میں مائیکرو قرضوں کے ساتھ ساتھ زرعی آلات کے قرضے فراہم کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
