جموں و کشمیر یتیم فاونڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام کشتواڑ میں مفت طبی کیمپ
جموں، 16 اکتوبر ۔ جموں و کشمیر یتیم فاونڈیشن ٹرسٹ یونٹ کشتواڑ نے الہلال ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کشتواڑ، امندیپ اسپتال امرتسر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ سوسائٹی کشتواڑ کے اشتراک سے جاری آیوشمان بہوا مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ اسپتال کشتواڑ میں مفت میڈیکل چیک اپ کیمپ کا انعقاد کیا۔ کشتواڑ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر یعقوب میر نے کیمپ کا افتتاح کیا۔ اُن کے ہمراہ ڈاکٹر یودویر سنگھ کوتوال میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ اسپتال کشتواڑ اور بزرگ شہری بھی موجود تھے۔
امندیپ اسپتال کے ماہر آرتھوپیڈک نیورو، پلاسٹک اور کاسمیٹک اور ای ایم ٹی ماہرین نے مفت معائنہ، اسکریننگ اور ادویات تقسیم کیں۔ کیمپ میں مجموعی طور پر 1145 مریضوں نے شرکت کی جن میں نیورولوجی کے 270، آرتھوپیڈکس کے 550، ای این ٹی 240 اور پلاسٹک اور کاسمیٹک کے 85 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔ جاوید اقبال کرئیپاک ڈویژنل کوآرڈینیٹر جے اینڈ کے یتیم فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے ضلع کشتواڑ کے لوگوں کو ایک ہی جگہ متنوع طبی سہولیات فراہم کرنے و کیمپ کے مقصد پر روشنی ڈالی-
ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، جموں و کشمیر یتیم فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ممبران، الہلال ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کے عملے اور طلباء کی لگن کو ضلع انتظامیہ کشتواڑ اور شہریوں نے سراہا۔ پرنسپل الہلال ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کشتواڑ، محمد اقبال کلیم، عباس وازہ پیشنٹس ریسٹ ہوم، جموں اور یتم فاؤنڈیشن کے سینئر ممبران کو امندیپ اسپتال نے ان کی فعال شرکت کو تسلیم کرتے ہوئے اعزاز سے نوازا۔
