سونم وانگچک کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی
جموں، 3 اکتوبر (ہ س)۔ معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے وانگچک کی فوری رہائی کیلئے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر دی۔ وانگچک کو 26 ستمبر کو نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب لداخ میں ریاستی درجہ اور چھٹے شیڈول کے مطالبے پر ہونے والے مظاہروں کے دوران چار افراد جان سے گئے اور 90 سے زائد زخمی ہوئے۔ وہ اس وقت راجستھان کے جودھپور جیل میں قید ہیں۔
گیتانجلی انگمو نے وکیل سروَم رتم کھڑے کے ذریعے دائر عرضی میں نہ صرف وانگچک کی حراست کو چیلنج کیا بلکہ ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ عرضی میں این ایس اے کے اطلاق کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کہا گیا ہے۔
انگمو نے الزام لگایا کہ انہیں تاحال حراست کے احکامات کی کاپی فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی انہیں اپنے شوہر سے ملاقات یا کسی قسم کا رابطہ کرنے دیا گیا ہے۔دوسری جانب لداخ انتظامیہ نے حالیہ بیان میں وانگچک کے خلاف سیاسی انتقام کی کارروائی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ہندوستھان سماچار
—————
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
